مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کیجانب عزاداری سیل قائم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی اور چودھری اظہر حسین صوبائی کوآرڈنیٹر مقرر۔عزاداری سیل محرم الحرام کے دوران قیام امن اور عزاداری میں حائل رکاوٹوں کے حل کے لئے کام کرے گا ۔صوبائی کوآڈینیٹر صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ بھر میں بین االمسالک ہم آہنگی اور قیام امن کے لئے کام کرے گی ۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار میں صوبائی کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ باقر عباس زیدی نے محرم الحرام میں بین االمسالک ہم آہنگی سمیت امن امان کی صورت حال کو بہتررکھنے کے حوالے سے صوبائی عزاداری سیل تشکیل دیتے ہوئے صوبائی دفتر میں عزاداری سیل کو کام شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے محرم الحرام میں امن او امان اور دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے صوبائی و ضلعی حکومتوں سے روابط کے سلسلے میں صوبائی عزاداری سیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے سید علی حسین نقوی اور چودھری اظہر حسین کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی و ضلعی زمہ داران و کارکنان محرم الحرام میں عزاداری سیدالشہداء کے انعقاد کے حوالے سے بانیان مجلس و جلوس ہائے عزاء اور عزاداران امام مظلومؑ کی رہنمائی اور خدمت کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریںگے۔علامہ باقر زیدی نے صوبائی و ضلعی رہنماؤں کو تاکید کی کہ وہ محرم الحرام میں قیام امن اور عزاداری کے قیام کے حوالے سے صوبائی و ضلعی حکومتوں کے زمہ داران باالخصوص سندھ پولیس اور سندھ رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
علامہ باقر عباس زیدی نے صوبائی کوآرڈینیٹر صوبائی عزاداری سیل سید علی حسین نقوی اور چودھری اظہر حسین کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر عزاداری سیل کے فوری قیام کو یقینی بناتے ہوئے ضلعی کوآرڈینیٹرز کو محرم الحرام کے دوران عزاداری کے حوالے درپیش مشکلات،بین االمسالک ہم آہنگی سمیت امن امان کی صورت حال کو بہتررکھنے کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر انتظامیہ کے ساتھ کوارڈینشن رکھتے ہوئے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔