مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اور عہدے داران اصلاح معاشرہ کا آغاز خود سازی سے کریں،علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے دستور کی روشنی میں کارکنوں کی تنظیمی تربیت اور دورہ جات کی منصوبہ بندی شعبہ تنظیم سازی کے فرائض و اختیارات میں شامل ہے۔
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تنظیم سازی کے زیر اہتمام روجھان جمالی میں ایک روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ تنظیمی تربیتی ورکشاپ میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر و ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی و دیگر تنظیمی ذمہ داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے دستور کی روشنی میں کارکنوں کی تنظیمی تربیت اور دورہ جات کی منصوبہ بندی شعبہ تنظیم سازی کے فرائض و اختیارات میں شامل ہے۔ تنظیم کے عہدیداران ہر سطح پر توسیع تنظیم پر کام کرتے ہوئے اس الہی تنظیم کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوم فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتی ہے۔ ہم ظلم اور ظالم کی مخالفت کرتے ہوئے عالمی استکبار امریکہ اور اسرائیل کے انسان دشمن نظام کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بے گناہ انسانوں کے قاتل صہیونی انسانی حقوق کا جھوٹا دعوی کرتے ہیں، صدر پزشکیان
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور عہدے داروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ کا آغاز خود سازی سے کریں۔ تعلیم و تربیت کے ذریعے خود سازی کے مراحل طے کرنے والے کارکن ہی اس الہی تنظیم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس موقع پر درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے تنظیمی ذمہ داران اس الہی تنظیم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لئے جدوجہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تنظیمی کارکنوں کو عصر حاضر میں عالم اسلام کے مسائل اور مشکلات سے باخبر رہنا چاہیے تاکہ وہ حق اور اہل حق کا ساتھ دے سکیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر اور میزبان ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی مولانا سید فضل حسین شاہ نے شعبہ تنظیم سازی کی تربیتی ورکشاپ میں شریک تمام تنظیمی ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔