ملائیشیا کے وزیراعظم کا نئی اسلامی سربراہ کانفرنس کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے ایک نئی اسلامی سربراہ کانفرنس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
اس کانفرنس کا پہلا اجلاس 19 دسمبر کو کولالمپور میں ہوگا، جس میں ملائیشیا، قطر، انڈونیشیا، ترکی اور پاکستان شامل ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق کولالمپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پانچ ممالک پر مشتمل نئی اسلامی سربراہ کانفرنس ایک وسیع تنظیم کا نقطہ آغاز ہے۔
یہ کانفرنس حقیقی معنوں میں عالم اسلام کے اقتصادی مسائل، دفاع، تحفظ، خود مختار، ثقافتی اقدار، آزادی، انصاف اور جدید ٹیکنالوجی کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مشن کو آگے بڑھائے گی۔
الجزیرہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں اسلامی ممالک کو درپیش مشکلات، فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی روک تھام اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کے دفاع کے لیے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں دیگر مسلمان ممالک کو بھی شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
رواں سال جولائی کے آخر میں ملائیشیا کے وزیراعظم نے اسلامی تہذیبی بیداری کی مہم چلانے پر زور دیا۔ انہوں نے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان نئے اتحاد کے قیام پر زور دیا۔