اصغریہ تحریک کی مرکزی کابینہ کیلئے مینیجمنٹ اینڈ لیڈرشپ ورکشاپ کا انعقاد
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے شعبہ تعلیم و تربیت کے زیر اہتمام مرکزی کابینہ کیلئے 2 روزہ مینیجمنٹ اینڈ لیڈرشپ ورکشاپ کا انعقاد حیدرآباد سٹی میں کیا گیا۔ ورکشاپ میں مرکزی صدر شہزاد رضا نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔
پہلی نشت میں چیئرمین اصغریہ تحریک سید حسین موسوی نے مینیجمنٹ اور لیڈرشپ پر درس دیا۔ حسین موسوی نے کہا کہ کوئی بھی انسان تمام شعبہ جات میں ماہر نہیں ہو سکتا، لیڈر کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ پہلے خود اس پر عمل کرکے دکھائے، جو وہ دوسروں کو کرنے کیلئے کہتا ہے، جبکہ مینیجر مختلف شعبہ جات کے ماہر افراد کو کام کیلئے رکھتا ہے اور ان سے اپنے اپنے شعبہ کا کام لیتا ہے، چاہے وہ خود ایک ہی شعبہ میں مہارت رکھتا ہو، لیکن دوسروں سے وہ کام لیتا ہے
یہ خبر بھی پڑھیں سانحہ مچھ، داعش اور اسلام دشمن قوتوں کی پست فطرتی کی علامت ہے
انہوں نے کہا کہ جو تنظیمیں رضاکارانہ طور پر کام کرتی ہیں، ان کے افراد میں لیڈرز والی خصوصیات ہونی چاہئیں، کیونکہ وہ پہلے خود عمل کریں گےتبھی لوگ ان کی بات پر عمل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی عہدیداران پہلے خود تمام چیزوں میں مہارت حاصل کریں، اس کے بعد وہ میدان عمل میں جاکر دوسروں کو عمل کیلئے تبلیغ کریں۔
ورکشاپ کی دوسری نشست تجوید، تفسیر اور احکام پر مشتمل تھی۔ تجوید سے متعلق سید حسین موسوی نے کہا کہ تجوید صرف سمجھنے کی چیز نہیں ہے، زبان سے ادائیگی بھی ضروری ہے، تجوید کیلئے سب سے پہلے سننے والے کی قوت سماعت تیز ہونی چاہئیے، تاکہ وہ الفاظ کو بہتر انداز میں سن سکے۔ بعد ازاں سید حسین موسوی نے سورہ فاتحہ، سورہ نساء، سورہ المائدہ، سورہ مزمل کی تفسیر مفصل انداز میں بیان کی اور شرکاء کےسوالات کے جواب بھی دیئے۔ ورکشاپ کے دوسرے روز مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری مظفر علی میثم نے محفل قرآن اور علمی محفل کے انعقاد سے متعلق مرکزی کابینہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ورکشاپ کا اختتام دعائے امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔