مقبوضہ سرزمین کو صیہونیوں کے لئے جہنم بنا دیں گے: فلسطینی استقامتی محاذ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے باشندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اُس سرزمین کو صیہونیوں کے لئے جہنم بنا دیں گی۔
فلسطین کی استقامتی و مزاحمتی تنظیموں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شیخ جراح علاقے میں صیہونی دہشتگردوں کے جرائم اور بدمعاشیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوجیوں نے 4 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی تنظیموں نے مقبوضہ علاقوں میں رہائش پذیر اپنے ہموطنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنی جانب سے مکمل حمایت و نصرت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فلسطینی تنظیموں نے اُن سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام مقبوضہ علاقوں میں استقامت کے شعلے کو روشن رکھیں اور پوری سرزمین کو غاصب صیہونیوں کے لئے جہنم بنا دیں۔
فلسطینی تنظیموں نے صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے نظریہ کو فضول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس سے فلسطینی عوام کے حقوق کی بازیابی غیر ممکن ہے اور فلسطینی عوام کی آزادی کا واحد راستہ غاصب صیہونیوں کے خلاف استقامت و مزاحمت ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ، غاصبانہ اور وحشیانہ اقدامات میں شدت آ گئی ہے جس کے باعث اب تک سیکڑوں فلسطینی زخمی اور کئی شہید ہو چکے ہیں۔