خلیل اللہ حضرت ابراہیم علیہ السلام پرچم توحید کے علمبردار تھے، علامہ مقصود ڈومکی
آپ حکم خدا سے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو راہ خدا میں قربان کرنے کے لئے صدق دل سے آمادہ ہوئے
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام حکم خدا سے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو راہ خدا میں قربان کرنے کے لئے صدق دل سے آمادہ ہوئے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عید الاضحیٰ کو نماز کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام جب الٰہی امتحانات میں سرخرو ہوئے تو پروردگار عالم نے انہیں انسانوں کا امام بنایا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام پرچم توحید کے علمبردار تھے۔ آپ باطل طاغوت سے نبرد آزما ہوئے اور خدا کی راہ میں ہجرت اور جہاد کیا۔ آپ حکم خدا سے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو راہ خدا میں قربان کرنے کے لئے صدق دل سے آمادہ ہوئے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا پاکیزہ کردار عالم انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ پر عوام خود نکل کر حکومت کا رویہ درست کریں گے، وزیر اعلیٰ گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ ہم عید کے موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ہم فلسطین کے درد و الم میں شریک ہیں۔ غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی نے عالم انسانیت کے ضمیروں کو جھنجھوڑا ہے اور پوری دنیا اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آج دنیا میں ظالم اور مظلوم کے حامیوں کی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔ پوری دنیا کے پاک فطرت، غیرت مند انسان فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ ظالم و سفاک استکباری قوتیں اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ظالمانہ بجٹ پیش کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ روز افزوں غربت و افلاس کے ساتھ امن و امان کی ابتر صورتحال چوری ڈاکے اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ حکمران طبقہ عوامی مسائل و مشکلات سے بے نیاز ہوکر کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف ہے۔ جن کے جسم کا گوشت اور ہڈیاں حرام کے پیسوں سے بنی ہیں قوم ان سے خیر کی کوئی امید نہ رکھے۔