
حکومت احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے، علامہ مقصودعلی ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان اللہ کا مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی عبادت بندگی اور عبودیت کا مہینہ ہے۔ حکومت ماہ مبارک رمضان کے دوران احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان دین اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا لہٰذا اس میں دینی اور اسلامی شعائر کا احترام اور ماہ مبارک رمضان کا احترام ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی زیر صدارت ماہ مبارک رمضان کے حوالے سے منعقدہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اہل سنت کے صوبائی رہنماء قاضی شہر پیر سید اعجاز علی شاہ، جمیعت علمائے اسلام کے ضلعی رہنماء مولانا وزیر علی، ہندو پنچایت کے صدر لال چند سیتلانی مسیحی رہنماء پادری شیرون یوسف و دیگر شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے ضلع کرم میں دہشت گردوں کی سرپرستی حکومتی حلقوں سے کی جارہی ہے،ایم این اےانجینئرحمید حسین
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایک اسلامی ملک میں سرعام ہوٹلوں کا کھلنا روزہ اور ماہ مبارک کے تقدس کی پامالی کسی طور درست نہیں۔ ماہ مبارک رمضان میں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ گران فروشی اور مصنوعی مہنگائی کے سیلاب کو روکتے ہوئے دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور دو نمبری کا سدباب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بالخصوص جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ اغواء برائے تاوان، چوری اور ڈکیتی کی مسلسل وارداتیں لمحہ فکریہ ہیں۔ ایسے میں ایس ایس پی جیکب آباد کی طرف سے دینی مراکز، مساجد، امام بارگاہوں اور علماء کرام کی سیکیورٹی کلوز کرنا افسوسناک عمل ہے۔ اگر ایس ایس پی جیکب آباد نے ضلع میں مثالی امن قائم کیا ہے تو اپنی سیکیورٹی بھی کلوز کریں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ بدقسمتی کے ساتھ بعض با اثر وڈیرے مجرموں کی حوصلہ پشت پناہی کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔