عصر حاضر کے حق و باطل کے معرکے میں ہم نے حق اور اہل حق کو پہچاننا ہے اور ان کا ساتھ دینا ہے،علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ جنہوں نے ہر دور میں علوم قرآن اور اہل بیت (ع) کی تبلیغ و ترویج میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ دینی مدارس ہی کے طفیل آج گھر گھر علوم آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پہنچ رہے ہیں۔ ان خییالات کا اظہار انہوں نے جھامرہ شریف میں مدرسہ الحسنین کے مدیر اساتذہ کرام اور طلاب سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مدرسے کے مدیر علامہ سید حسن عسکری اور اساتذہ مولانا اشرف علی نجفی، مولانا محمد عباس رضا، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی اور جامع مسجد جھامرہ شریف کے خطیب مولانا قلندر بخش حسینی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کی تعمیر و ترقی میں علم اور تقویٰ دو بنیادی عنصر ہیں۔ علم اور تقویٰ کے حصول کے ذریعے ہم انسانیت کے اعلیٰ مراتب تک پہنچ سکتے ہیں۔ قرآن کریم نے علم اور حصول علم کو بڑی اہمیت دی ہے۔ اللہ تبارک و تعالی نے اپنی پہلی وحی کا آغاز اقراء سے کیا، جس کا مطلب انسان کو پڑھنے کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرنا ہے۔ قلم تحریر اور علم کی ترویج کا ذریعہ ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالی نے قلم کی قسم اٹھائی اور قران کریم کی ایک سورت سورۃ القلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے علماء اور طلباء کو حالات حاضرہ سے آگاہ رہنا چاہئے۔ حالات سے نہ آگاہ لوگ ہمیشہ دشمن کے پروپیگنڈے کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عصر حاضر کے حق و باطل کے معرکے میں ہم نے حق اور اہل حق کو پہچاننا ہے اور ان کا ساتھ دینا ہے۔