آئی ایس او کے سالانہ کنونشن کی تیاریاں مکمل، کل سے آغاز ہوگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے48ویں سالانہ کنونشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلبہ شریک ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار چیرمین کنونشن برادرضامن علی نے امامیہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
برادر ضامن علی نے مزید بتایا کہ کنونشن کا آغاز بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر سکاؤٹ سلامی سے ہوگا جس میں سکاؤٹس کا چاق و چوبند دستہ امامیہ چیف اسکاؤٹ عباس مہدی کی سربراہی میں سلامی پیش کرے گا ۔
ضامن علی نے بتایا کہ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور رات گئے تک ملک بھر سے تین ہزار سے زائد امامیہ طلباء لاہور پہنچیں گے۔
کنونشن کے پہلے روز نشست کا آغاز جامعۃالمصطفیٰ لاہور میں ہوگا اور شب شہدا کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شہدائے ملت جعفریہ کے اہل خانہ شرکت کریں گے اور شہدا کے کردار اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ دوسرے روز تعلیمی کانفرنس بعنوان ’’ہمارا میدانِ جہاد، تعلیم ‘‘میں ماہرین تعلیم خطاب کریں گے کانفرنس میں نوجوانوں کو علم کی اہمیت اور تعلیمی میدان میں کردار کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
جبکہ بعد ازاں اتحاد ملت کانفرنس ہوگی کنونشن کے آخری روز نئے مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔