معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق خالق حقیقی سے جاملے
شیعہ نیوز : آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر اور ممتاز شیعہ عالم دین اور معروف اسلامی اسکالر مولانا سید کلب صادق کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا۔ وہ تقریباً 83 سال کے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ان کی صحت میں مسلسل گراوٹ آرہی تھی اور جسمانی طور پر بے حد کمزور ہوگئی تھی۔ اسپتال کے ذریعہ جاری میڈیکل بلیٹن کے مطابق منگل کو ان کی حالت اور بھی بگڑ گئی تھی اور دیر رات ان کا انتقال ہوگیا۔
مولانا کلب صادق طویل عرصے سے اترپردیش کی راجدھانی لکھنو کے ایرا میڈیکل کالج میں زیرعلاج تھے۔
ڈاکٹر کلب صادق کا تعلق لکھنو سے ہے تاہم اپنی علمی صلاحیت اور ذکر محمد و آل محمد کی وجہ سے آپ کو دنیا بھر میں جانا جاتا تھا۔
علامہ کلب صادق کی وفات سے برصغیر کی علمی فضا میں ایک خلا پیداہوگیا ہے جسے شاید ہی پر کیا جاسکے۔
مولانا کلب صادق طویل عرصے سے مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر تھے۔ پوری دنیا میں مشہور ڈاکٹر مولانا کلب صادق تعلیم اور خاص طور پر لڑکیوں اور یتیم بچوں کی تعلیم کے لئے ہمیشہ سرگرم رہے۔ یونٹی کالج اور ایرا میڈیکل کالج کے بانی بھی تھے۔
مولانا کلب صادق کی مجلس صبح 10 بجے یونٹی کالج میں ہوگی۔ ایرا میڈیکل کالج کے احاطے میں 11:30 بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ دوپہر دو بجے چوک واقع امام باڑہ میں تدفین عمل میں آئے گی۔