شہیدِ راہِ فلسطین و القدس شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری
شیعہ نیوز:مختصر تعارف: آپ کانام آغا آفتاب حیدر جعفری،اور والد کا نام معراج حسین تھا۔ آپ پیشہ کے اعتبار سے ایک پرائیویٹ بینک کے نائب صدر تھے۔
آپ ایک خطیب اور مذہبی اسکالر ہونے کے ساتھ شاعر بھی تھے۔آپ پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے لائینز ایریا میں رہائش پذیر تھے۔آپ کی زندگی انتہائی سادہ تھی۔آپ نے زمانہ نوجوانی اور طالب علمی میںامریکہ مخالف ایک طلبہ تنظیم کا انتخاب کیا اور کئی سال تک اسی تنظیم کے مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے خدمات انجام دیں۔ شہادت کے وقت آپ کی عمر 42سال تھی،آپ سر زمین پاکستان پر اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے،آپ کی شخصیت نوجوانوں میں بے پناہ مقبولیت کی حامل ہے۔آپ پاکستان میں عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ایک چٹان کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔آپ فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے اساسی ممبر اور مرکزی سرپرست کمیٹی کے اہم رکن تھے۔
:(شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری مرکزی سرپرست رہنما فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان)
06نومبر 2012ءکا آفتاب طلوع ہوا تو سر زمین پاکستان پر فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں روشن آفتاب کو اپنی روشنی میں سما کر لے گیا۔جی ہاں! فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اور اساسی رہنما علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کو پاکستان کے شہر کراچی میں صدر کے علاقے میں امریکی اور صیہونی آلہ کار دہشت گردوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناتے ہوئے بہیمانہ انداز میں شہید کر دیا۔اور اس کے ساتھ ہی پاکستان میں مسئلہ فلسطین کے لئے انتھک محنت اور جد وجہد کرنے والا ایک آفتاب ظاہری طور پر غروب ہو گیا۔یہ خبر شہر بھر بلکہ ملک اور پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور مظلوم انسانیت کے حامی اور عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والے اس شہید مجاہد کے چاہنے والے،دوست،رفقائ،عزیز و اقارب اور دیگر لوگ شہید کی آخری رسومات می شرکت کے لئے گھروں سے ،دفاتراور اپنے زاتی کاموں کو ترک کر کے روانہ ہو پڑے۔ہر فرد دوسرے سے کہتا تھا کہ کاش یہ خبر درست نہ ہو،کاش ایسا نہ ہوا ہو،اے کاش کہ نام کا مغالطہ ہو جائے،لیکن تقدیر کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا،یہ آفتاب اپنی روشنیوں کو بکھیرتا ہو غروب ہو چکا تھا اور یقینا بہشت میں یہ آفتاب طلوع ہوکر بہشت کو منور کر رہا تھا۔فرشتوں نے اپنے پروں میں سما لیا ہو گا،اور شایان شایان ان کا استقبال کیا ہو گا۔اور کیوں نہیں؟ شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی تمام زندگی دنیا بھر کے مظلوموں اور بالخصوص ایسی مظلوم اور مستضعف قوم کی حمایت اور ظالم و جابر حکومتوں امریکہ،اسرائیل کے خلاف وقف رہی ،آپ نے ہمیشہ طاغوتی طاقتوں کے ناپاک عزائم کو طشت از بام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
آپ کی پوری زندگی پیغمر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اس حدیث مبارکہ کا مصداق رہی جس میں آپ ارشاد فرماتے ہیں کہ ،
جو شخص مسلمانوں کے امور سے غفلت برتتے ہوئے صبح کرے وہ مسلمان نہیں ہے
یہی وجہ ہے کہ آپ کی پوری زندگی امت مسلمہ کے اہم ترین مسئلہ،فلسطین اور مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جد وجہد میں گزر گئی حتیٰ کہ آپ کو امریکی اور صیہونی دہشتگردوں نے نشانہ بنا دیا اورآپ اس دار فانی سے کوچ کرتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔
اسی طرح ایک اور جگہ خلیفة المسلمین حضرت علی کا ارشاد ہے کہ جس میں آپ نے اپنے بیٹوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا!
ہمیشہ مظلوم کے حامی اورمد د گار رہنا اور ظالم کے خلاف جد وجہد کرنا۔
لہذٰا ہم دیکھتے ہیں کہ شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی پوری زندگی ظالموں اور جابروں کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے اور مظلوموں کی حمایت میں گزری ۔آپ نے سر زمین پاکستان پر فلسطین کاز کی حمایت میں نا قابال فراموش جد وجہد کی،اور آپ پاکستان میں پانچ سال قبل فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں قائم ہونے والی ایک تنظیم ”فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان “ کے مرکزی سرپرست کمیٹی کے رکن اور فاﺅنڈیشن کے اساسی ممبر رہے۔
شہید علامہ آفتاب جعفری نے ہمیشہ ہر پلیٹ فارم سے مسلم امہ اور انسانیت کے مشترکہ دشمن عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اور اپنی تقریروں میں ہمیشہ امریکی سامراج کے خلاف جد وجہد کرنے کی تلقین کرتے رہے۔آپ نے ہمیشہ اپنی تقریروں اور گفتگوﺅں میں مسلم امہ کے دشمن امریکہ کے خلاف بر سر پیکار رہنے کا درس دیا اور خود بھی عملاً کاربند رہے۔
شہید علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کی خبر پر جہاں پاکستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین نے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان سے اظہار تعزیت کیا وہاں آپ کی شہادت پر دنیا بھر سے فلسطین کاز میں سر گرم عمل تحریک آزادی فلسطین کی درجنوں تنظیموں نے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے نام شہید کی خدمات پر خراج تحسین سمیت تعزیتی پیغامات ارسال کئے جبکہ شہید علامہ آفتاب حیدر کے قتل کو امریکی و صیہونی سازشوں کا شاخسانہ قرار دیااور آپ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔
فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سر پرست رہنما شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی المناک شہادت پر لبنان میں تحریک آزادی فلسطین کے لئے سرگرم عمل ”القدس ایسوسی ایشن لبنان“ نے اپنے جاری کردہ بیان میں شہید آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل کو دنیا بھر کے لئے اورفلسطینی عوام اور بالخصوص لبنانی عوام کے لئے ایک نا قابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
شہید علامہ آفتاب جعفری کی شہادت پرجمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن لبنان کا تعزیتی پیغام
شہید علامہ آفتاب جعفری شہیدِ راہ فلسطین و القدس ہیں،لبنانی قوم سلام پیش کرتی ہے
لبنان میں تحریک آزادی القدس کی راہ میں کام کرنے والی ایک فعال تنظیم جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن نے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری شہداءفلسطین و القدس میں شامل ہیں اور لبنانی قوم اور فلسطینی عوام ان کی خدمات پر انہیں سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
لبنان میں تحریک آزادی القدس کی راہ میں کام کرنے والی تنظیم جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے مورخہ 7نومبرکو فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے نام جاری کردہ ایک خط میں فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما اور مذہبی اسکالر علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت کودنیا بھر اور پاکستان کے لئے نقصان عظیم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں لبنانی اور بالخصوص فلسطینی عوام شہید علامہ آفتاب جعفری کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ نے خط میں لکھا ہے کہ شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری پاکستان کی وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جو اس بات پر اعتقاد رکھتے تھے کہ دفاع فلسطین ،دفاع پاکستان ہے اور پاکستان میں تمام تر مصیبتوں اور دہشت گردی کی جڑ عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل ہیں۔اور شہید کے قتل میں امریکہ اور اسرائیل براہ راست ملوث ہیں۔
القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ علامہ شہید آفتاب جعفری کو قتل کرنے میں امریکی اور صیہونی درندوں کے ناپاک ہاتھ ملوث ہیں جو پاکستان میں فلسطین کی حمایت میں اٹھنے والی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔شہید علامہ آفتاب جعفری نے اپنی تمام زندگی فلسطین کی آزادی کی جد وجہد میں گزاری اور دشمنان اسلام و انسانیت سے برسر پیکار رہے۔شہید آفتاب جعفری نے پوری زندگی ایک ایسے مسئلہ کے لئے جد وجہد کی جو امت مسلمہ اور انسانیت کا مسئلہ ہے۔
شہید علامہ آفتاب جعفری کی خدمات ہی کا نتیجہ ہے کہ آج سر زمین پاکستان پر فلسطین کاز ایک بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔شہید جعفری فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے بانی اراکین میں شامل تھے اور ہمیشہ فلسطینی عوام کی حمایت اور عالمی دہشت گرد امریکہ اور صیہونی غاصب ریاست کے خلاف جدو جہد میں مصروف عمل رہے۔
القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے حریت پسند اور تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں گامزن کارکنان ایک عظیم اور انسان دوست نڈر اور بہادر،مخلص اور باایمان شخص سے محروم ہوئے ہیں اور خصوصاً لبنان اور فلسطین کے عوام علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کو اپنے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان سمجھتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے گھروالوں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مجاہد راہ حق شہید علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں بھی ان کی طرح صف اول کا مجاہد بننے کی توفیق دے۔والسلام۔۔۔جمعیت دفاع القدس لبنان(جمعیة القدس الثقافیةالاجتماعیةلبنان)
فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے رہنماﺅں کا شہید جعفری کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری کا دن دیہاڑے قتل حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مظلوموں کے حامی علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے قتل میں ملوث امریکی اور صیہونی دہشت گرد آلہ کاروں کو گرفتار کیا جائے اور بے نقاب کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماﺅں سابق رکن قومی اسمبلی اور رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی،جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،
مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا،پاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے جمعرات کے روز کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رہنماﺅںکاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے لئے صدائے احتجاج بلند کرنے کے لئے ماہ رمضان المبارک میں القدس ریلی پر ہونےو الا بم دھماکہ اور آ غا آفتاب جعفری کی شہادت کی کڑیاں امریکی سفارت خانوں سے ملتی ہیں لہذٰا حکومت فی الفور امریکی سفار خانوں کو بند کرے اور امریکی سفارت کار جو پاکستان میں دہشت گردی کا کھیل کھیلنے میں مشغول ہیں ان کو ملک بدر کر کے نا پسندیدہ قرار دے۔
شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست کمیٹی کے بانی رکن تھے اور ہمیشہ مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کے حقوق کے لئے جد وجہد کرنے کو اپنے لئے عظیم سعادت سمجھتے تھے۔ آپ نے ہمیشہ امریکہ اور عالمی صیہونزم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین ،فلسطینیوں کا وطن ہے اور فلسطینیوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے وطن میں جیسے چاہیں زندگی بسر کریں اوراسرائیل کو ایک ناجائز ریاست مانتے تھے۔شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کا قتل پاکستان میں فلسطینی کاز کو دبانے
کی گھناﺅنی سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔شہید آفتاب جعفری کا مشن جاری رکھیں گے۔
آج پوری دنیا کے حریت پسند اور تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں گامزن کارکنان ایک عظیم اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہوئے ہیں اور خصوصاً پاکستان اور فلسطین کے عوام علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کو اپنے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان سمجھتے ہیں۔
شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،شہید علامہ آغا آفتاب حیدر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھیں گے۔اگر دشمن یہ سمجھتا ہے کہ سر زمین پاکستان پر فلسطینی مسلمانوں کی اخلاقی،سیاسی حمایت کو دبایا جا سکتا ہے تو ایسا ہر گز نہیں ہو گا بلکہ فلسطینی عوام اور فلسطین کاز کی نا ختم ہونے والی وہ جد وجہد جس کا آغاز شہید آغا آفتاب جعفری نے کیا تھا وہ جاری و ساری رہے گی اور انشاءاللہ شہید آغاآفتاب حیدر جعفری کا خون تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔وہ وقت دور نہیں کہ جب آزادی فلسطین کا آفتاب طلوع ہو گا اور عالمی استعمار امریکہ اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا وجود نابود ہو گا۔ہمیں اس بات کا افسوس ضرور ہے کہ ہمارا ایک بہادراور مخلص ساتھی ہم سے جدا ہو گیا ہے لیکن ہمیں فخر ہے کہ پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہمارا نام بھی تحریک آزادی¿ فلسطین میں سر فہرست رہے گا۔پاکستان کے عوام کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستانیوں کو اپنے فلسطینی بھائیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت سے نہیں روک سکتی۔
سلام ہو اے شہید راہ فلسطین و القدس ،اے آغا آفتاب جعفری! سلام ہو آپ پر کہ آپ نے اپنے سرخ خون سے شہادت دے دی کہ آپ ظالموں کے سامنے سر کٹوایا جاتا ہے لیکن جھکایا نہیں جاتا۔اے شہید بزرگوار! ہم بھی آپ سے عہد کرتے ہیں کہ جب تک سانسیں باقی ہیں دنیا بھر کے عالمی سامراجی نظاموں اور طاغوتی نظاموں کے سامنے سینہ سپر رہیں گے اور اس وقت تک آرام و سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کو آزاد نہ کروا لیں۔
سلا م ہو آپ پر اے شہید آفتاب جعفری ،سلام ہو آپ کے والدین پر،سلام ہو آپ کے اہل وعیال پر، کہ آپ کی پاکیزہ شہادت نے ہم سب کے سر فخر سے بلند کر دئیے اور ہمارے خون میں بھی جذبہ¿ شہادت و حریت ابھارا۔۔۔سلام ہو آپ پر رہتی دنیا تک۔آپ نے اپنے بعد والوں کے لئے ایک عظیم مشعل راہ چھوڑ دی ہے،اللہ تعالیٰ آپ کی قربانی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور شہداءکے پاک لہو کی پاسداری کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے