شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس حقیقی اسلام کے نمائندے تھے: آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم
شیعہ نیوز: بحرین کے شیعہ رہنما آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم نے شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی تیسری برسی کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی زندگی میں بہت سے فوجی کمانڈر دیکھے ہیں اور ان کے قصے سنے ہیں لیکن شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی بات ہی کچھ اور ہے۔
انہوں نے اپنی زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دیئے اور ان کی مجاہدت اور شہادت نے امت اسلامیہ کے قلوب کو خدائے سبحان اور نور الہی سے قریب تر کر دیا۔
بحرین کے جلاوطن معروف عالم دین نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس عالم اسلام کے ہیرو ہیں اور سب انہیں دل و جان سے چاہتے ہیں اور ہر کوئی انہیں اپنا سمجھتا ہے۔
آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم کا مزید کہنا تھا کہ استقامتی محاذ اور جہادی تحریک راہ خدا میں نہ فقط جاری و ساری رہے گی بلکہ اس میں روز بروز تیزی آئے گی۔
ایران کے مقدس شہر قم میں منعقدہ اس تعزیتی پروگرام میں قم میں مقیم بحرینیوں اور دیگر اعلیٰ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کے دیرینہ دوست نے ان دو شہیدوں کی فداکاری اور مجاہدت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔