حسن نصراللہ کی شہادت، گورنر سندھ کا اقوام متحدہ اور او آئی سی کو مذمتی خط
شیعہ نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بذریعہ وزارت خارجہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خط تحریر کیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خط میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اسرائیل کی دہشتگردی روکنے میں کردار ادا کریں، حسن نصراللہ کی شہادت افسوسناک ہے، خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہوا۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ اسرائیل اس سے قبل ایران میں اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنا چکا ہے، اسرائیل نے فلسطین میں 40 ہزار سے زائد معصوم شہریوں کو شہید کیا، شہداء میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ کامران ٹیسوری نے خط میں لکھا کہ اسرائیل نے اب لبنان کی سلامتی خود مختاری پر حملہ کیا ہے، عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی رکوانے کیلئے اپنا فوری کردار ادا کرے۔ گورنر سندھ نے خط میں لکھا کہ مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی بھی صورتحال کا نوٹس لے، اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک متحد ہو کر کردار ادا کریں۔