مسلک کے نام پر نفرت و انتشار پھیلانے والے اسلام کے دشمن ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامع مسجد رسول اعظم، ہنگو میں ”سیرت النبی و اتحاد امت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا فتنہ نفاق بین المسلمین ہے، جس کی بنیاد علم و آگہی کی بجائے شر انگیزی و انتشار پر رکھی گئی ہے۔
امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے مدمقابل لانے والی طاغوتی قوتیں اپنے شیطانی مقاصد کے حصول کے لیے پوری طرح سرگرم ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اس وقت صرف تقسیم ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف صف آراء بھی ہیں۔ یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کو زندگی کے ہر شعبے میں تنزلی کا شکار کرنا ہے۔ متعدد اسلامی ممالک اسلام دشمن طاقتوں کے آلہ کار بن کر شیطانی ایجنڈے کی راہ ہموار کرتے آئے ہیں۔ ان باطل قوتوں کو شکست دینے کے لیے واحد ہتھیار ”اتحاد امت“ ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو کر اسلام کا مضبوط دفاع بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام محبت و اخوت کا مذہب ہے، جس میں عصبیت کی قطعی گنجائش نہیں۔ جو لوگ مسلک کے نام پر نفرت و انتشار کا بازار گرم رکھنا چاہتے ہیں، وہ اسلام کے دشمن ہیں، انہیں خیر خواہ نہیں کہا جا سکتا۔ تمام مکاتب فکر اپنی صفوں سے ایسے لوگوں کو دور رکھیں۔ اتحاد امت دور حاضر کی اولین ضرورت ہے۔ جس کے فروغ کے لئے علماء و مشائخ اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی قوم کی فکری و شعوری تربیت کریں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی بیداری دشمنوں کے ناپاک عزائم کی موت ثابت ہوگی۔ نبی کریم (ص) کی بعثت کا مقصد دین اسلام کی بالادستی اور کفر کو سرنگوں کرنا تھا۔ اسلام کی سربلندی کے لیے سیرت نبوی کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کرکے پوری امت تباہ حالی سے نجات حاصل کرسکتی ہے۔
کانفرنس میں ڈپٹی کمشنر ہنگو سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ شبیر بخاری اور علامہ غلام حر شبیری نے بھی شرکت کی۔