یمن میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں بھرپور احتجاج
شیعہ نیوز: یمن کے دارالحکومت صنعا میں لاکھوں افراد اور دیگر شہروں میں ہزاروں لوگوں نے وسیع اجتماعات میں فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مغربی اتحاد اور قابض رژیم کے خلاف حملوں میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا۔ فارس نیوز کے مطابق صنعا، جو کہ یمن کا دارالحکومت ہے، غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مسلسل تینتالیسویں ہفتے میں، ایک بار پھر غزہ کے لوگوں اور یمن کی مسلح افواج کی کارروائیوں کے دفاع میں لوگوں کے سیلاب کا گواہ بنا۔ صعدہ سمیت کئی شہروں میں یہ اجتماع دوپہر سے پہلے منعقد ہوا اور کچھ جگہوں پر نماز جمعہ کے بعد ہوا۔
اس ہفتے کا نعرہ "حمایت جاری ہے اور جواب آنے والا ہے” تھا، اور شرکاء نے نعرے لگا کر فلسطینی قوم کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ لوگوں کے اس اجتماع نے امریکی اور برطانوی جارح اتحاد کے ساتھ ساتھ قابض رژیم کی سمندری ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاریوں کو بڑھانے اور صلاحیتوں اور سہولیات کو بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ شرکاء نے نئی کابینہ کی تشکیل اور "احمد الرہوی” کی بطور وزیر اعظم تقرری اور "تبدیلی اور تعمیر” حکومت کے قیام کا خیرمقدم کیا اور اسے شہریوں کو خدمات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے پہلا قدم قرار دیا۔