
ماسٹر یونس علی کو تحریک حسینی پاراچنار کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا
نو منتخب صدر تحریک حسینی پاراچنار ماسٹر یونس علی ایک تجربہ کار اور تحریک کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ طویل تنظیمی تجربہ رکھتے ہیں، ڈگری کالج پاراچنار میں آئی ایس او کے صدر رہے ہیں
شیعہ نیوز: ماسٹر یونس علی کو تحریک حسینی پاراچنار کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ تحریک حسینی پاراچنار کے آئین کے مطابق ہر 2 سال بعد 3 شعبان المعظم کو سپریم کونسل اور مرکزی کابینہ کے نامزد کردہ 2 امیدواروں کی سپریم لیڈر سے توثیق کرانے کے بعد مرکزی کونسل ووٹ کے ذریعے 2 سال کیلئے ایک امیدوار کا انتخاب کرتی ہے۔
مولانا سید تجمل الحسینی کو انکی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پچھلے سال سپریم کونسل کی سفارش پر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے ایک سال کی توسیع دی تھی۔ جبکہ دوبارہ توسیع کی گنجائش آئین میں ممکن نہ تھی۔ نو منتخب صدر تحریک حسینی پاراچنار ماسٹر یونس علی ایک تجربہ کار اور تحریک کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ طویل تنظیمی تجربہ رکھتے ہیں، ڈگری کالج پاراچنار میں آئی ایس او کے صدر رہے ہیں، اس کالج میں ہفتہ وار درس اخلاق کی بنیاد ڈال کر جوانوں کی فکری تربیت کرانے والوں کے سرخیل شمار ہوتے ہیں۔ وہ علامہ سید عابد الحسینی کے قدیم ترین ساتھیوں جبکہ تحریک حسینی کے بانی اراکین میں شمار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیے پشاور میں فریقین کا جرگہ
نو منتخب صدر تحریک حسینی پاراچنار ماسٹر حاجی یونس علی کا مختصر تعارف
ماسٹر یونس علی ولد مشہد علی 1963 کو پیواڑ میں پیدا ہوئے۔ 1979 میں گورنمنٹ ہائی سکول پیواڑ سے میٹرک کیا۔
1981 میں گورنمنٹ ڈگری کالج پاراچنار سے ایف اے اور 1983 میں بی اے کیا۔ 1984 سے محکمہ ایجوکیشن میں بحثیت ایک ٹیچر خدمات سر انجام دیتے ہوئے 2021 کو SST پوسٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ دوران ملازمت ایم اے بھی پاس کیا۔
تنظیمی خدمات:
زمانہ کالج سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے منسلک رہے۔ اسی تنظیم کے تحت کالج میں تنظیمی خدمات انجام دیئے۔ اسی زمانے سے علامہ سید عابد حسین الحسینی کے قریبی ساتھی رہے۔ 1991 سے تحریک جعفریہ اور 2006 سے تحریک حسینی کے پلیٹ فارم سے بحثیت ممبر سپریم کونسل خدمات انجام دیتے رہے۔ 3 شعبان بمورخہ 2 فروری 2025 کو بحثیت صدر تحریک حسینی حلف اٹھا کر چارج سنبھال لیا۔