
16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کے عنوان سے منایا جائے گا، دیباج عابدی
شیعہ نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کا دوسرا سالانہ اجلاس عمومی اختتام پذیر ہوگیا، آئی ایس او پاکستان کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ پاکستان بھر میں بھرپور جذبہ ایمانی کے ساتھ منایا جائے گا، مرکزی ریلی 16 مئی نمائش تا پریس کلب کراچی 3 بجے سہ پہر نکالی جائے گی، ریلی سے مختلف سیاسی و مذہبی رہنماء حضرات خطاب فرمائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او کراچی کے صدر دیباج عابدی نے دوسری مجلس عمومی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی عوام پر 1984ء سے مظالم کا شروع ہونے والا سلسلہ آج تک جاری ہے، 16 مئی وہ سیاہ دن ہے جس دن امریکہ کی جانب سے اپنی ناجائز اولاد کو بطور صہیونی ریاست تسلیم کیا گیا۔
آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویڑن کے دوسرے اجلاس ِعمومی سال احیائے فکر مہدویت 2021-22 کا انعقاد امام بارگاہ علی رضا، ایم اے جناح روڈ میں کیا گیا، جس میں آئی ایس او پاکستان کے سابق ڈپٹی چیف اسکاؤٹس علی اشتر، رکنِ ذیلی نظارت فرخ سجاد ،علی رضا اور عدیل عباس سمیت آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر دیباج عابدی، کابینہ کراچی ڈویژن سمیت شہر بھر کے تمام یونٹ صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس عمومی کے دوران گزشتہ سہ ماہی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی و تنظیمی امور پر بحث کی گئی جبکہ دو روز تک جاری رہنے والے اجلاس عمومی میں طلبہ کو درپیش مسائل، تعلیمی میدان میں نئے منصوبے متعارف کرانے کی بھی منظوری لی گئی۔
اس موقع آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر دیباج عابدی نے اجلاس عمومی میں شریک ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دور میں تعلیمی میدان میں طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے آئی ایس او کی جانب سے اس سال نئے منصوبے متعارف کرانے کا مقصد پاکستان کے مستقبل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جدت کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور پاکستان تعلیمی میدان میں کافی پیچھے ہے لیکن آئی ایس او اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی میدان میں اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو تعلیمی پستی سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔