جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء معراج الہدیٰ صدیقی کی علامہ حسن ظفر نقوی سے ملاقات
شیعہ نیوز: جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی کی قیادت میں وفد نے علامہ سید حسن ظفر نقوی سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنما ڈاکٹر صابر ابومریم، حماد بھٹو، سید حسین امام اور دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی رہنماؤں نے اتوار 14 جنوری کو شارع فیصل پر غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی جس پر علامہ حسن ظفر نقوی نے یقینی شرکت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت کرنا ہم سب کا فریضہ ہے۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کے عنوان سے مسلسل جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کے مظالم نے مغربی دنیا کی حکومتوں کے کھوکھلے نعروں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غزہ جارحیت کو ایک سو دن ہو رہے ہیں تاہم فلسطینی مزاحمت پائیداری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس فلسطینیوں کی نمائندہ جماعت ہے، ہم حماس کے ساتھ ہیں، اس موقع پر اسلامی مزاحمتی بلاک حزب اللہ، جہاد اسلامی، انصار اللہ اور حشدالشعبی کی جانب سے غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے امریکہ و اسرائیل مخالف کاروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ 14 جنوری کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے ایک سو دن مکمل ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے غزہ ملین مارچ شارع فیصل پر نکالا جائے گا اور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہو غزہ ملین مارچ میں شرکت کریں۔