
عید غدیر کے موقع پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پیغام
غدیر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ولایتِ علیؑ کا مطلب فقط محبت کا دعویٰ نہیں، بلکہ ظلم کے خلاف قیام اور حق کی نصرت ہے۔ آج ملتِ اسلامیہ کو اسی ولائی شعور کی ضرورت ہے تاکہ استکبار و صہیونیت کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے
شیعہ نیوز: عید غدیر کے موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ آج کا دن اُس عظیم لمحے کی یاد ہے جب رسولِ اکرمؐ نے ولایتِ علیؑ کا اعلان کر کے حق و باطل کے درمیان دائمی حد فاصل کھینچ دی، عیدِ غدیر، دراصل عدل، وفا، حریت اور مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔
میں اس بابرکت موقع پر دنیا بھر کے اُن مجاہد اور حریت پسندوں کو سلام پیش کرتاہوں جو صہیونیت اور استعماری قوتوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ ایران،فلسطین، لبنان، یمن، کشمیر،عراق، شام، بحرین اور ہر اُس سرزمین کے حریت پسندوں کو عیدِ غدیر کی مبارکباد کہ جو علیؑ کے نقش قدم پر استقامت کی راہوں پر گامزن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ایران پر جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ولایتِ علیؑ کا مطلب فقط محبت کا دعویٰ نہیں، بلکہ ظلم کے خلاف قیام اور حق کی نصرت ہے۔ آج ملتِ اسلامیہ کو اسی ولائی شعور کی ضرورت ہے تاکہ استکبار و صہیونیت کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
عید غدیر کا پیغام یہ ہے کہ جہاں مظلوم ہو، وہاں علیؑ کے چاہنے والے اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ جہاں ظالم ہو، وہاں علیؑ کے پیروکار اُس کے مقابل صف بستہ ہوں گے۔
عیدِ غدیر کی برکتیں تمام امتِ مظلومین پر سایہ فگن رہیں، اور اللہ تعالیٰ ہمیں ولایتِ علیؑ کے راستے پر ثابت قدم رکھے۔