مفتاح اسماعیل نے اعظم سواتی وڈیو معاملے پر عمران خان کی حمایت کردی
شیعہ نیوز:مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے اعظم سواتی ویڈیو کے معاملے پر عمران خان کے بیان کی حمایت کردیسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی عمران خان کو ری ٹوئٹ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی، لیکن یہاں مجھے ان سے اتفاق کرنا ہوگا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اعظم سواتی کی اہلیہ سے متعلق ویڈیو سامنے آنا واضح طور پر اخلاق سے گرا ہوا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے کہ میرے ملک میں ایک عزت دار خاتون کی اتنی تذلیل ہو سکتی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے اعظم سواتی اور ان کی اہلیہ سے متعلق ویڈیو جاری ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا پاگل پن اب بند ہو جانا چاہیے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جماعت اسلامی کے رکن سینیٹ مشتاق احمد نے اعظم سواتی کے ساتھ پیش آنے والے معاملے کی سختی سے مذمت کی اور ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بھی اعظم سواتی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی جبکہ عمران خان نے پوری قوم کی طرف سے اعظم سواتی اور اُن کی اہلیہ سے معافی بھی مانگی۔