
فوجی جمہوریت مسائل کا حل ہے، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز:مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ و حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے روز جمعہ اپنے خطاب میں کہا کہ خناس و خونی جمہوریت، آسان، روان اور فراوان جھوٹ پر مبنی ہے جس کو بچانے کی رٹ لگی ہوئی ہے، جبکہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان اسی سے ہوا ہے۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی دشمنیوں کے باوجود چین کی ترقی اور مملکت میں امن و سلامتی کس جمہوریت کا نتیجہ ہے؟ ہماری جمہوریت جس نے ہمیں تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے، اس کو بچانا کیونکر ضروری ہو گیا ہے؟ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور میڈیا اس سہولت کاری پر خدا کے سامنے جوابدہ ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں فتنہ گری، خونی جنگ اور واجب القتل کے فتاویٰ تک جا پہنچی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے مزید ٹال مٹول سے کام لینا بند کریں اور جس دھرتی نے انہیں اس مقام و مرتبے تک پہنچایا ہے اس کا قرض ادا کیا جائے، فوج کا فریضہ ہے کہ ملکی سلامتی کو اس خونریزی سے بچائے جس کے دھانے پر پاکستان کو لا کر کھڑا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو بچانے کا طریقہ یہ نہیں کہ گندے کیڑوں کو باری باری اقتدار منتقل ہوتا رہے۔ انہوں نے راہ حل کے طور پر امامت و ولایت کے قرآنی نظام کو پیش کیا لیکن اسکی بھی عدم آمادگی کی صورت میں کہا کہ فوجی جمہوریت میں ملک کے درپیش مسائل کا حل موجود ہے۔