ملی یکجہتی کونسل کے وفد کی شہید قاسم سلیمانی کے گھر آمد، اہلخانہ سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے اعلی سطحی وفد نے شہید مدافع حرم جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کی اورملت پاکستان کی جانب سے ان کو تعزیت پیش کی۔
نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر سوگوار ہیں۔
ملی یکجہتی کونسل کے اعلی سطحی وفد کے سربراہ نائب امیر جماعت اسلامی نے امریکی حکومت کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم جنرل اور بہت ہی محترم شخص تھے اور در حقیقت ہم سب کو ان کی شہادت کا گہرا صدمہ ہے اور ہم سب ان کے غم میں سوگوار ہیں۔
ملی یکجہتی کونسل کے وفد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر اور ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ، جمعیت علماء پاکستان کے سکریٹری جنرل سید صفدر شاہ گیلانی،شیعہ علماء کونسل کے جنرل سکریٹری علامہ عارف حسین واحدی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، البصیرہ تحقیقاتی مرکز کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب سکریٹری جنرل ثاقب اکبر نقوی، پاکستان ہدیتہ الہادی کے نائب سرپرست رضیت باللہ، جمعیت علماء اسلام کے طاہر حنیف نقشبندی اور متحدہ جمعیت اہل حدیث کے منتظم اعلی مقصود احمد سلفی موجود تھے۔