
لاپتہ افراد کیس، 3ہزار 9 سو 38 افراد کا سراغ لگا لیا گیا
ملک بھر سے ملت تشیع کے 80 سے زائد افراد جبری طور پر گمشدہ کردیے گئے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 6 ہزار 156 میں سے 3 ہزار 938 لاپتہ افراد کا سراغ لگا لیا ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق لاپتہ افراد کمیشن، جس کی سربراہی قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کر رہے ہیں، نے 30 جون تک 6 ہزار سے زائد کیسز میں سے 3 ہزار 938 کیسز نمٹا دیے۔
کمیشن نے جون تک 702 سماعتیں کیں جس میں 194 سماعتیں اسلام آباد، 86 لاہور، 210 کراچی، 126 کوئٹہ اور 86 سماعتیں پشاور میں ہوئیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ لاپتہ افراد کے رشتہ داروں نے کمیشن کے سربراہ اور اراکین کو ان کے پیاروں کے کیسز نمٹانے میں ذاتی دلچسپی لینے پر سراہا۔
واضح رہے کہ ملک بھر سے ملت تشیع کے 80 سے زائد افراد جبری طور پر گمشدہ کردیے گئے ہیں جن کے پیارے آج بھی ان کے منتظر ہیں جبکہ ان میں سے کچھ کے بوڑھے والدین اپنے بچوں سے ملنے کی امید دل میں لیے اس دنیا سے انتقال کرچکے ہیں۔