
ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین کی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات
شیعہ نیوز: ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی، انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم جناب شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ضلع کرم کی موجودہ حساس صورتحال، بالخصوص امن و امان کے بگڑتے ہوئے حالات اور مسلسل قتل و غارت کے واقعات پر گفتگو کی گئی۔ ایم این اے حمید طوری نے وزیر اعظم کی توجہ ٹل پارہ چنار روڈ کی بندش اور دیگر اہم سڑکوں پر مسافروں کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان راستوں کو عوامی آمدورفت کے لیے کھولا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کرم کے عوام کو روزمرہ سفر اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کا تدارک فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ممکن ہے۔
وزیر اعظم نے ایم این اے حمید طوری کے مؤقف کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرے گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔