اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

مودی کا کردار وزیر اعظم کی بجائے انتہا پسند ہندو والا ہے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارتی پارلیمنٹ سے شہریت ترمیمی بل2019 منظور ہونے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہندو انتہاپسند ی کی بدترین مثال اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے مفادات اور بنیادی حقوق سے متصادم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس متنازع قانون کے بعد بھارت میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں کی شہریت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں سے روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کو قانونی شکل دینے کے اس متعصبانہ اقدام پر دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھارتی شہری بھی سراپا احتجاج ہیں۔کسی بھی جمہوری ریاست کا آئین اسے رنگ،نسل مذہب ومسلک کی بنیادوں پر قانون سازی کی اجازت نہیں دیتا۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ نریندر مودی، بھارتی وزیر اعظم کی بجائے ایک انتہاپسند ہندو کا کردار ادا کررہے ہیں۔ان کا یہ متعصبانہ رویہ بھارت کی سالمیت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے انڈیا کو تقسیم کرنے کی اپنے ہاتھوں سے بنیاد رکھ دی ہے۔بھارتی حکومت کی غیر دانشمندانہ پالیسیاں اپنے ہی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متنازع بل کی مخالفت میں بھارت کے مختلف شہروں میں ردعمل کے طور پر جاری شدید احتجاج حکومت کے غیر منصفانہ اقدام سے نفرت و بیزاری کا اظہار ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکا احتجاج پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اخلاقی اقدار کو فراموش کر چکی ہے اور جمہوریت کی آڑ میں آمرانہ حربے استعمال کرنے میں مصروف ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button