
محسن نقوی کی کابل میں سراج الدین حقانی سے ملاقات، بارڈر سکیورٹی اورٹی ٹی پی سے متعلق تبادلہ خیال
وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں
شیعہ نیوز: پڑوسی برادر ملک افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، دراندازی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک افغان بارڈر منیجمنٹ اور دہشت گردی کے خاتمہ کےلیے باہمی تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ پاک افغان سرحد کی مؤثر منیجمنٹ، منشیات کی روک تھام، سرحد پار نقل و حرکت کو منظم کرنے کے طریقہ کار سمیت پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے وطن واپسی کے عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں مارے گئے تکفیری دہشتگرد کی شناخت کرلی گئی
وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، ہم سب کو مل کر اسے روکنا ہوگا، انہوں نےکہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ایک روزہ سرکاری دورے پر افغانستان میں موجود ہیں۔ آج کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، افغانستان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔