ناصر میڈیکل کمپلیکس میں 20 سے زائد فلسطینیوں کو زندہ دفن کیا گیا، اقوام متحدہ
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے جمعہ کو اعلان کیا کہ جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس سے برآمد ہونے والی 392 لاشوں میں سے صرف 165 لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے۔
اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اب تک سامنے آنے والی لاشوں سے پتا چلا ہے کہ ان میں سے 20 کو اسرائیلی فوج نے زندہ حالت میں منوں مٹی کے نیچے دفن کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور پورپ کی یونیورسٹیوں میں طلباء کے احتجاجی مظاہروں میں شدت
’یو این‘ دفتر نے فلسطینی سول ڈیفنس کے حوالے سے کہا کہ ’’بقیہ 227 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی کیونکہ زیادہ تر لاشوں کو مسخ کردیا گیا تھا اور انہیں پلاسٹک کے تھیلوں میں دفن کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ گل سڑ گئی تھیں۔انہیں زیرزمین تین میٹرکی گہرائی میں دفن کیا گیا تھا‘‘۔
اپنی رپورٹ میں، دفتر نے فلسطینی سول ڈیفنس سے مطالبہ کیا کہ وہ ’’آزادانہ تحقیقات کرے، جس میں تقریباً 20 لاشوں کی فرانزک جانچ بھی شامل ہے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں زندہ دفن کیا گیا ہے‘‘ ۔
دفتر نے اشارہ کیا کہ ’’ناصر میڈیکل کمپلیکس میں تین اجتماعی قبریں دریافت ہوئیں، ایک مردہ خانے کے سامنے، دوسری اس کے پیچھے اور تیسری ڈائیلاسز کی عمارت کے قریب سے ملی ہے جہاں چار سو سے زاید لاشوں کو برآمد کیا گیا۔ ان میں بچوں اور خواتین لاشیں بھی شامل ہیں‘‘۔”