
عزاداری سید الشہداء ملت جعفریہ کی پہچان ہے، علامہ سبطین سبزواری
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ عزاداری سید الشہداء ملت جعفریہ کی پہچان ہے، اپنی شناخت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، گزشتہ چار سال سے عزاداری کو مشکل بنایا جا رہا ہے، پولیس میں موجود متعصب عناصر کالعدم ناصبی گروہ کے کارکن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یزیدی عناصر کو عزاداری سے جو تکلیف ہوتی ہے، اس کا تو ہمیں بہت پہلے سے ادراک ہے لیکن ہم حیران ہیں کہ پولیس خارجی عناصر کے ایجنڈے پر کیوں چل پڑی ہے۔ ایسے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں کہ رونگٹھے کھڑے ہو جاتے ہیں، شیعہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، حکومت ہمیں انتہائی اقدام پر مجبور نہ کرے، افسوسناک بات ہے کہ لائسنسی جلوسوں اور مجالس کو روکا جا رہا ہے۔ اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ میں علم لگانے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، محمود کوٹ مظفر گڑھ میں سالہا سال سے جاری مجلس عزا کے انعقاد پر ایف آئی آرز کاٹی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ڈی سی لودھراں نے یکم سے 9 محرم کو مجالس کے انعقاد کو روکنے کا حکم نامہ جاری کرکے دشمنی اہلبیتؑ کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ کوٹ چھٹہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں بانی مجلس کو مذاکرات کے بہانے بلوا کر ڈی پی او نے گرفتار کروا دیا۔ ننکانہ صاحب میں سالہا سال سے جاری مجلس عزاء کو صرف سات منٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔ صوبے بھر میں جاری مجالس عزا کی صورتحال پر عزاداری کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پولیس کی سپیشل برانچ پنجاب میں بدامنی کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ عزاداری میں رکاوٹیں کسی خارجی تکفیری گروہ کی طرف سے نہیں بلکہ پولیس کی طرف سے پیدا کی جا رہی ہیں، جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں اور حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ عزاداری سید الشہداء پر کسی قسم کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ عزاداری ہماری پہچان ہے، جسے ہر صورت جاری رکھیں گے۔ عزاداری سے یزیدیت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔