پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

عزاداری سیدالشہداء شہہ رگ حیات ہے کوئی قدغن قبول نہیں کرینگے، عارف حسین الجانی

شیعہ نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی سندھ اور بلوچستان کے 7 روزہ دورے پر ہیں۔ نواب شاہ ڈویژن کے یونٹ قاضی احمد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عارف حسین نے کہا کہ امام حسینؑ کسی گروہ یا فرقے کے نہیں، پوری انسانیت کے امام ہیں۔ امام حسین نے میدان کربلا میں اپنے خانوادے کی قربانی دیکر خداوند متعال کی خوشنودی اور رضا حاصل کی۔ امام حسینؑ کی سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہو کہ تمام عالم اسلام مشکلات سے نجات پا سکتا ہے۔ مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ کئی سالوں سے شیعہ نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔ ہم پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، اگر لاپتہ کئے گئے افراد نے جرم کیا ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ آئین و دستور کی بالادستی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک افغانستان میں آگ اور خون کا کھیل جاری ہے، اس کے بُرے اثرات پاکستان پر پڑسکتے ہیں، پاکستان افغانستان کے بارے میں اپنی پالیسی کو واضح کرے۔ 70 ہزار پاکستانیوں کے قتل عام اور اربوں روپے کے معاشی نقصان کے بعد ہمیں اس خونی جنگ سے دُور رہنا ہوگا۔

مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امام حسین، رحمة للعالمین اور خاتم النبیین ۖکے فرزند ہیں، ان کا کردار ساری انسانیت کے لیے حق کی حمایت کا پیغام رکھتا ہے۔ آپ نے باطل کو ٹھکرا دیا، اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی۔ اپنے عزیز ترین اہل خاندان اور انصار کی قربانی پیش کر دی، لیکن ظلم اور استبداد کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ مرکزی صدر کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں حکومت کے نافذ کردہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مجالس و جلوس ہائے عزاء کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہر عزادار مکمل ذمہ داری کے ساتھ ایس او پیز کو خیال رکھے گا۔ ملت تشیع پاکستان ایک منظم مکتب و مسلک ہے اور ہم یہ ثابت کریں گے کہ وائرس کی چوتھی لہر میں بھی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے ہم اس پر کسی بھی پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔ ہم پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں، بیلنس پالیسی کے نام پر ہمارے نوجوانوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button