آل محمد ﷺ کی محبت کے بغیر عبادت کامل نہیں ہوتی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ آل محمد ﷺ کی محبت کے بغیر عبادت کامل نہیں ہوتی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص عشرہ محرم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عزادار تنظیموں سے رابطے میں رہے گی اور یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ناپسندیدہ عناصر پر نظر رکھیں، مجالس اور جلوسوں میں عزادار تنظیموں کے ہمراہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان اور ذمہ داران بھی موجود رہیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 درجن سے زائد دہشتگردوں کےخلاف مقدمہ درج
ملاقات کے دوران علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) اور آپ کی آل کی شان یہ ہے کہ نماز میں آپ پر درود بھیجا جاتا ہے، ان کی محبت کے بغیر عبادت کامل نہیں ہوتی، اللہ کی بارگاہ میں آل رسول (ع) کی عظمت کا سبب ان کی قربانیاں ہیں، جو انہوں نے اسلام کی بقاء اور سربلندی کی خاطر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں نواسہ رسول (ع) اور ان کے مختصر لشکر نے صبر، ایثار اور شجاعت کی وہ داستان رقم کر دی کہ اب قیامت تک امام عالی مقام کا تذکرہ عالم انسانیت کی عظیم ترین میراث قرار پا گیا۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب، عادل خان، علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور عارف شاہ بھی موجود تھے۔