محرم الحرام کی آمد، بلدیاتی اداروں کو انتظامات کی ہدایت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد سمیت سندھ کے بلدیاتی اداروں کو محرم الحرام کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، جس میں جلوس کی گزرگاہوں سے کچرا و دیگر صفائی کرنے سمیت روڈ اور ٹوٹ پھوٹ کو درست کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ میں محرم الحرام سے متعلق انتظامات کیلئے ایڈمنسٹریٹر، میونسپل کمشنر کے ایم سی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت واٹر بورڈ، سندھ سالڈ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزرگاہوں کے روڈ، ٹوٹ پھوٹ کو درست اور گڑھوں کو فوری بھرا جائے، جبکہ جلوس کے راستوں سے ملبہ، کچرا و دیگر صفائی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
محکمہ بلدیات سندھ نے ضروری جگہوں پر فائر ٹینڈرز اور واٹر ٹینکرز کے انتظامات کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلوس کے راستوں پر درختوں کی چھٹائی اور روشنی کا بہترین انتظام کیا جائے اور امام بارگاہوں کے گردونواح میں بھی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو جاری رکھیں گے
محکمہ بلدیات نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئی، جبکہ واسا اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کو جلوس کے راستوں پر مین ہول کور ڈھکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیوریج اوور فلو دور کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شہری ودیہی ادارے خدمات کی فراہمی میں باہمی اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔
محکمہ بلدیات کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے،واسا اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محرم الحرام میں بلدیاتی خدمات کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کریں، کنٹرول روم قائم کرنے کے بعد اس کی فوری رپورٹ محکمہ بلدیات سندھ کو کی جائے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران محرم الحرام میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں، بنا اجازت کوئی افسر یا ملازم چھٹی پر نہیں جائے گا۔