
محرم میں جی بی میں رواداری اور اتحاد کی عظیم مثال قائم ہوئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گلگت بلتستان کے معروف عالم دین علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران جس ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ کیا گیا ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، تمام مکاتب فکر کے افراد نے امن و بھائی چارے کی فضا قائم کرکے علاقے کو بدامنی کی طرف دھکیلنے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں اہلسنت اور اسماعیلی برادری نے جس جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی ہے، وہ ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد و اتفاق کی عظیم مثال ہے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و اتحاد اور آپس میں ہم آہنگی کی جو روایت قائم ہوئی ہے، خدا اس کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور نظر بد سے بچائے۔
انہوں نے گلگت میں اہلسنت و اسماعیلی برادری کے اکابرین خصوصاً کشروٹ یادگار محلہ جو ٹیال، کشروٹ لالی محلہ امپھری اور بسین کے عمائدین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے دوران نہ صرف شرکت کی بلکہ سبیلوں اور تبرک کا اہتمام کیا، جس سے آپس میں محبت و الفت بڑھانے میں مدد ملی، ان شاء اللہ یہ روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی۔
آغا راحت حسین الحسینی نے فورس کمانڈر، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر گلگت نوید احمد سمیت دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی دن رات کوششوں اور اقدامات کی وجہ سے گلگت میں محرم کا پہلا عشرہ بہترین انداز میں گزرا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں میرٹ کے فروغ اور انصاف کی فراہمی کے لئے اعلٰی حکام ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، تاکہ کسی کا بھی حق نہ مارا جا سکے اور میرٹ کی بالادستی ممکن ہوسکے۔