مجلس علمائے شیعہ ضلع ملتان کا اجلاس، علامہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی شرکت
شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مدرسہ شہید مطہری میں مجلس علمائے شیعہ پاکستان ضلع ملتان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول اخوت و وحدت کا مہینہ ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی 12تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے عنوان سے شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں ملک بھر میں جشن میلاد النبی و ہفتہ وحدت ریلیاں، درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔
12 ربیع الاول کے دن ملت جعفریہ اپنے اہل سنت بھائیوں کے ہمراہ بھرپور انداز میں جشن میلاد النبی کے دن کو شایان شان طریقے سے منائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء کو چاہیئے کہ پاکستان کے استحکام، امن و سلامتی کے لیے اور باہمی وحدت و رواداری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم پاکستان سید ناصر عباس شیرازی، مجلس علمائے شیعہ جنوبی پنجاب کے صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی سمیت دیگر عہدیداران بھی شریک ہوئے۔