ملتان میں شیعہ لاپتہ عزاداروں کی بازیابی کیلئے دستخطی مہم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام ملتان میں ملک بھر سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دستخطی مہم کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہاراں والا پر دستخطی مہم کے لیے بینرز آویزاں کیے گئے۔
مہم کے دوران نمازیوں اور مومنین کی بڑی تعداد نے اپنے دستخط کے ذریعے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
اس دستخطی مہم کا مقصد ملک بھر سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے بے گناہ افراد کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، ملتان سے لاپتہ ہونے والے معروف قانون دان یافث نوید ہاشمی کو لاپتہ ہوئے تین ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ہیجانی کیفیت پائی جاتی ہے، ایک طرف کشمیریوں کے حقوق کی بات کی جا رہی ہے تو دوسری طرف پاکستان میں ہی لوگوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، حکومت اور سکیورٹی ادارے اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں، ورنہ ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کردیں گے۔