اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ملتان میں محرم کا سیکیورٹی پلان تشکیل، 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہونگے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سٹی پولیس آفیسر ملتان منیر مسعود مارتھ کی ہدایت پر ملتان پولیس کی طرف سے محرم الحرام کے حوالہ سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ محرم الحرام کے دوران ملتان شہر سے کل485 جلوس برآمد ہوں گے جن میں سے101 جلوس حساس نوعیت کے ہوں گے۔ جبکہ اس کے علاوہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل1533 مجالس بھی منعقد ہوں گی ان مجالس میں 355 مجالس حساس نوعیت کی شامل ہیں۔

محرم الحرام کے موقع پر ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ملتان پولیس کے4293 سے زائد پولیس افسران و جوان شفٹ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسر منیر مسعود مارتھ کی زیرنگرانی ایک سپیشل اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے جو سرچ آپریشن کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ سب ڈویڑن کی سطح پر ٹیمیں جلوس کے روٹس پر اہم امام بارگاہوں کے قریب، جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر سرچ اپریشن کریں گی۔ اسپیشل برانچ اور سنیفر ڈوگز کے ذریعے تمام مجالس اور جلوس سے پہلے علاقہ کی ٹیکنیکل سیوپینگ کرائی جائے گی۔ جلوس کے روٹس اور مجالس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں لاہور میں محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان تشکیل، 10 ہزار اہلکار تعینات ہونگے

تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول قائم کیا جائے گا جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو کوریج کی جائے گی۔ تمام اہم مجالس پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے۔ تمام مجالس اور جلوسوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ سپیشل برانچ، رسکیو 1122، ٹی ایم اے، واپڈا، پی ٹی سی ایل، سوئی ناردرن، 1500 سے زائد پولیس قومی رضاکار، لائسنس داران کی طرف سے پولیس سے تربیت یافتہ 2215 وولینٹئرز اور سول ڈیفنس کے اہلکارڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان منیر مسعود مارتھ تمام سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز ملتان شائستہ ندیم اوورآل نگران ہوں گی۔ تمام ڈویڑنل ایس پیز اپنے اپنے ڈویژنز کے انچارج ہوں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان کی زیر نگرانی تھانہ کی سطح پر کور منیجمنٹ کمیٹیاں مقرر کی گئی ہیں جن میں امن کمیٹی، تاجران اور عوامی نمائندے شامل ہیں۔ جو کسی بھی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی۔ شہر بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جائیگی اور ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے شہر بھر میں گشت کریں گے۔ کرونا وائرس کے پیش نظر حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ دوران ڈیوٹی سوشل ڈسٹنس کو یقینی بنایا جائے گا۔ماسک اور سینٹائزر کا استعما ل کیا جائے گا۔

سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے سیکیورٹی پلان بارے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکم محرم سے دس محرم اور چہلم تک مجالس عزا، جلوس، مجالس علم ذوالجناح، پنگوڑہ مہندی، سیج، جلوس تعزیہ علم، ذوالجناح برآمد ہوتے ہیں۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی متعلقہ ایس ڈی پی اوز /ایس ایچ اوز کریں گے۔ جو خود تمام ڈیوٹی کی نگرانی، کمی بیشی، بروقت مقام ڈیوٹی پر نفری بھجوانے، ملازمان کو بریف کرنے کے علاوہ قابل اعتراض وال چاکنگ، اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری، پوسٹر، پمفلٹ، تقاریر اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں گے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کو گرفتار کر کے کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام افسران و ملازمان غیرجانبداری، انتہائی خوش اخلاقی اور دیانتداری سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔

مجالس اور جلوس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دہشت گردی کے پیش نظر وہی افراد سبیل لگانے کے اہل ہوں گے جن کو پولیس کی طرف سے سبیل پر لگانے کیلئے اسٹیکرز جاری کئے جائیں گے۔ عوام آپس میں محبت اور بھائی چارہ کا ثبوت دیں اور تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔ مشکوک افراد اور انکی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں پولیس کو فوری اطلاع دیں۔ پولیس لائنز میں مناسب تعداد میں ریزرو ہائے الرٹ رہیں گی جن کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر طلب کیا جا سکے گا۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button