رفح پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے متعدد حملے، 7 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی
شیعہ نیوز: الجزیرہ نیٹ ورک نے رفح شہر پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی متعدد پروازوں اور مختلف مقامات پر بمباری کی اطلاع دی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق الجزیرہ نیٹ ورک نے رفح شہر پر صیہونی حکومت کے متعدد جنگی طیاروں کی پرواز اور اس علاقے کے متعدد مقامات پر متعدد حملوں کی اطلاع دی ہے۔ الجزیرہ نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اسرائیلی فوج نے رفح کے متعدد مقامات پر بمباری کی ہے، اس حکومت کے جنگی طیاروں کے خربہ العدس علاقے کے شمال میں ایک رہائشی مکان پر حملے کی اطلاع دی ہے، جس میں 7 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہر طولکرم اور نابلس پر بھی بڑی تعداد میں فوجی اور بکتر بند گاڑیوں سے حملہ کیا ہے۔
مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کی نئی جارحیت کی تفصیلات ابھی تک شائع نہیں کی گئی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ رفح اور دیر البلاح میں 7 مارچ تک اپنی فوجی کارروائیوں کو انسانی ہمدردی کے مقاصد کے لیے روکے گی، جبکہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ رات رفح میں ایک گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 6 خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے دو جڑواں تھے۔ غزہ کے جنوبی حصے میں واقع رفح شہر غزہ کے شمالی اور وسطی علاقوں سے 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کی میزبانی کر رہا ہے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں رفح پر کسی بھی حملے کے بارے میں اسرائیل کو پہلے ہی کئی بار خبردار کرچکی ہیں۔