دہشت گردی کے خلاف ایران کے ساتھ تعاون کے لیے پر عزم ہیں، ممتاز زہرا
شیعہ نیوز: پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے تہران میں ایران کے ساتھ خصوصی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے بارے میں کہا کہ ہمارا مقصد سرحدوں پر امن و سلامتی ہے اور اسلام آباد دہشت گردی کے خلاف ایران کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پر عزم ہے۔
اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ممتاز زہرا نے رپورٹر کے سوال کے جواب میں کہا کہ حالیہ مہینوں میں پاک ایران فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی دو طرفہ تعاون میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خلیج فارس تعاون کونسل نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی
انہوں نے پاکستان کے نائب وزیر داخلہ کی موجودگی میں تہران میں پاک ایران 11ویں خصوصی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ہم دہشت گردی کے مشترکہ خطرے پر قابو پانے کے لیے ایران میں اپنے دوستوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ممتاز زہرا نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ معاہدوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے اور ہمارا مشترکہ حدف سرحدوں پر سلامتی اور پائیدار امن کا قیام ہے۔