پرویز مشرف کیس، پیرا 66 انسانی و اسلامی اقدار کےمنافی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مرکزی دفتر میں گزشتہ روز سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنگین غداری کیس کے فیصلہ کا پیرانمبر66انسانی اوراسلامی اقدارکے منافی ہے۔ اسلام میں انسانی جان ، نعش حتیٰ کہ مردہ حیوان کے بارے میں بھی واضح احکامات و حرمت موجود ہے۔ علاوہ ازیں فیئر ٹرائل کا حق ہر ایک شہری کو حاصل ہے۔ بہترہوتا کہ ملزم کوصفائی کامزید موقع دے کر اور سن کر کیس کافیصلہ سنایاجاتا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ سنگین غداری کیس کے فیصلہ میں پیرانمبر66 جو خصوصی عدالت کے سربراہ کی جانب سے درج کیا گیا انسانی اوراسلامی اقدارکے منافی ہے ۔ آئین ِ پاکستان میں جزا و سزا کے حوالے سے گائیڈ لائنز واضح ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اسلام میں انسانی جان یا بعد از مرگ اس کی نعش تک کی حرمت بارے واضح احکامات ہیں چہ جائیکہ مرنے کے بعد کسی کی لاش کوسرعام چوک پر لٹکایا جانا کس طرح سے منصفانہ اقدام ہوسکتاہے؟ہم ایک مہذب دنیا، مہذب معاشرے میں رہتے ہیںاس لئے کسی ملزم کوسزادیتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لیناچاہیے۔ ایسی منصفی پر سوال اٹھنا شروع ہوجاتے ہیںجو نظام ِعدل پر تنقید کا باعث بنے۔