
مسلمان ہوشیار رہیں، ٹرمپ دور حاضر کا دجال ہے، علامہ مرید نقوی
نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا کہنا تھا کہ دجال اسلامی ممالک میں گھوم رہا ہے، کہیں خوف اور کہیں ڈالر تقسیم کر رہا ہے، جو کام دجال نے کرنے ہیں، وہ امریکی صدر اس وقت سر انجام دے رہا ہے، کسی کو خوفزدہ کرکے اور کسی کو انعامات کا لالچ دے کر تجارت کے نام پر اپنا ہم نوا بنا رہا ہے
شیعہ نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ مسلمان ہوشیار رہیں، ٹرمپ دور حاضر کا دجال ہے، جو اسلامی ممالک میں گھوم رہا ہے، کہیں خوف اور کہیں ڈالر تقسیم کر رہا ہے، جو کام دجال نے کرنے ہیں، وہ امریکی صدر اس وقت سر انجام دے رہا ہے، کسی کو خوفزدہ کرکے اور کسی کو انعامات کا لالچ دے کر تجارت کے نام پر اپنا ہم نوا بنا رہا ہے، عرب ممالک کو ڈرا رہا ہے کہ امریکہ کے بغیر ان کی بادشاہتیں قائم نہیں رہ سکتیں، اس طرح وہ امریکی مقاصد حاصل کر رہا ہے۔
جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعةالمنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطاب کرتے ہوئے علامہ مرید نقوی نے کہا امریکہ کیلئے شام کا صدر جولانی کل تک دہشت گرد تھا اور اس کے سر کی قیمت بھی مقرر تھی، مگر جونہی اس نے گریٹر اسرائیل کیلئے سہولت کاری کرنے کیلئے بشارالاسد کی حکومت کو ختم کر کے اپنی حکومت قائم کی، تو اب وہ امریکہ کا منظور نظر بن گیا ہے، اسے سعودی عرب میں بلا کر شاباش دی گئی ہے، اور شام سے پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے پر لوگ کہتے تھے کہ رافضیوں کی حکومت ختم ہوگئی اور امیر شام کی حکومت قائم ہو گئی ہے۔ اب پتہ چل گیا ہے کہ نئی شامی حکومت امریکی مفادات اور اسرائیل کے تحفظ کیلئے قائم کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران_امریکہ مذاکرات، روس کی ثالثی کی دوبارہ پیشکش
انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کہہ رہا ہے کہ شامی صدر ان کا تربیت یافتہ ہے، حالانکہ یہی امریکہ پہلے اسے دہشت گرد کہتا تھا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ذریعے سعودی عرب بلوا کر جولانی کا خیرمقدم کیا گیا اور شام سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ امریکہ اپنے مفادات اور اسرائیل کو تحفظ دینے کیلئے سفارتی اور اخلاقی آداب کی دھجیاں اڑا سکتا ہے، عالم اسلام امریکی اسرائیلی سازشوں سے آگاہ اور ہوشیار رہے۔