
ایم ڈبلیو ایم رہنماء اسد عباس نقوی وزیراعلیٰ پنجاب کے پولیٹیکل اسسٹنٹ مقرر
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور تحریک انصاف کے مابین سیاسی تعاون کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا پولیٹیکل اسسٹنٹ (معاون خصوصی) مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ سید اسد عباس نقوی نے اعتماد کے اس اظہار پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس موقع پر دوست احباب کے پرخلوص اور محبت بھرے جذبات میرے لیے قابل قدر ہیں، تاہم ایام عزا کے احترام میں کسی بھی قسم کے مبارکبادی پیغامات کی وصولی سے معذرت چاہتا ہوں۔ انہوں نے تنظیمی دوستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دعا فرمائیں کہ بحق محمد و آل محمد علیہم السلام اس نامزدگی کے ذریعے سے قائد شہید کے مشن "آزاد خارجہ پالیسی اور اتحاد بین المسلمین” کے لئے کوئی خدمت سرانجام دے سکوں۔