اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

اگر یزید جیسا حاکم اسلام پر نافذ ہوجائے تو اسلام کی فاتحہ ہے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کو جو درس امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنے شہادت کے ذریعے پیش کیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا، ان خیالاتا کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کراچی میں دعوت حلیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کیتھولک کلب کراچی میں مذہبی،سیاسی جماعتوں،وکلاء،پولیس حکام، دانشوروں ،الیکٹرونک،پرنٹ میڈیا،صحافی حضرات،تاجر برداری،مساجد وامام بارگاہ کے ٹرسٹیز، اسکاؤٹ تنظیموں،ماتمی انجمنوں کے لئے بیاد شہدائے کربلا نیاز حلیم کا اہتمامِ کیا گیا۔

اس نیاز حلیم میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی ،سیکریٹری جنرل صوبہ سندھ علامہ باقر عباس زیدی،پی ایس پی کے رہنما آصف حسنین،حاجی انور،محمد دلاور،پی پی پی کے سہیل عابدی ،فرید انصاری،امیر شاہ، ایم کیو ایم کے رہنما قمر عباس رضوی ، معرف سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ،دیو بندی عالم دین علامہ منظر الحق تھاوی ،عوامی تحریک کے آصف اللہ رکھا،پاکستان فلاح پارٹی کے جنید منشی،پیس کمیٹی کے چیئرمین اونگزیب سلطان ،سماجی رہنما رمضان ناتھا،عوامی حقوق تنظیم کے چیئرمین سلیم سچوانی،الیکشن کمیشن کے ندیم جعفری،زاکرین امامیہ کے سیکر ٹری جنرل علامہ نثار قلندری،جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا،بوہرہ کمینٹی کے منصور جے ،ظفر عباس جے ڈی سی ، یوتھ فائونڈیشن کے محمد عسکری ، صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر،ناصر الحسینی،کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری،علامہ مبشر حسن،علامہ سجاد شبیررضوی، معروف نعت خواں حکیم فیض سلطان قادری ،بوتراب اسکاؤٹس کے محمد ضامن، سید ناصر آغا ،نقی لاہوتی ،علی رضا جعفری ،انوار رضوی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

نیاز حلیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کو جو درس امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنے شہادت کے ذریعے پیش کیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم لوگ اس محفل میں امام حسین کے نام پر جمع ہوئے ہیں۔ امام حسین نے کہا تھا کہ اگر یزید جیسا حاکم اسلام پر نافذ ہوجائے تو اسلام کی فاتحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑکا قیام ظالم کے مقابلے پر تھا۔دنیا میں انبیاء علیہ السلا م کو ظالم کیخلاف قیام کیلئے بھیجا گیا تھا۔

علامہ راجہ ناصر نے مزید کہا کہ ہمارے شہید قائد کہتے تھے کہ ہم مظلوم کے حامی اور ظالم کیخلاف ہیں۔آج کشمیر بحرین یمن روہنگیا سمیت جہاں جہاں ظالموں کا ظلم ہے ہم اس کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت ایسے کرنی ہے کہ ہمارا ہاتھ ظالم مودی کے گریباں پر ہو۔ کشمیریوں کو انکے حقوق ملنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو طاقتور بنایا گیاہے آج وہ اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔اگر کشمیریوں کو فلسطین کی طرح سپورٹ کیا جاتا تو آج مودی کی یہ جرات نہیں ہوتی۔

علامہ راجہ ناصر نے مزیدکہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ اچھے سے لڑا،انکا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی ایک ناکام وزیرخارجہ ہے ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑنے میں ناکام رہی۔ علامہ راجہ ناصر نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ کو کشمیریوں سے خیانت پر تبدیل ہوجانا چاہیے۔ یمن کے مظلوموں کیخلاف پاکستان کا ووٹ دینا درست نہیں۔ پاکستان کا وزیر خارجہ ایک شجاع اور بہادر ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جو بھی ظالم ہے وہ اس دور کا یزید ہے۔ آج پاکستان میں مسنگ پرسنز کا ایشو ریاستی اداروں کے منہ پر داغ ہے۔ مسنگ پرسنز کے بوڑھے ماں باپ، بیٹیاں، انکی جوان بیویاں آج در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں۔ہم پاکستان کے ان مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک زندہ ہیں ظالموں کے ظلم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

نیاز حلیم سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی رہنما آصف حسنین کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہے ۔ ہم امام حسینؑ سے درس حریت لیتے ہوئے ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ اپنے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسنگ پرسنز کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم ان لاپتہ افراد کو بازیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button