
ایم ڈبلیو ایم قم کا دفتر تعلیمی اور تحقیقی میدان میں دینی طلباء کی ہر ممکنہ مدد کرتا ہے، آقای رضوانی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کا طرہ امتیاز ہی تقویٰ اور بصیرت کے کاموں میں کھلے دل سے دینی طلباء اور سب کے ساتھ تعاون اور سب کی مدد کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے مسئول دفتر حجۃ الاسلام علی محمد رضوانی نے دفتر کا دورہ کرنے والے فعال اور فاضل دینی طلباء کے ساتھ ایک نشست میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ قم المقدس میں مجلس وحدت کا دفتر بغیر کسی محدودیت اور شرط کے ہمیشہ دینی طلباء کی خدمت میں سرگرم رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی مزاحمت حماس نے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا
تفصیلات کے مطابق انہوں نے مہمان شخصیات کو دفتر کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ ایم ڈبلیو ایم قم المقدس کے کسی بھی شعبے میں شامل ہو کر اپنی علمی، تحقیقی اور فرہنگی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں نکھار سکتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے حوزہ علمیہ قم المقدس میں نئے طلباء کے داخلے سے لے کر ان کی مختلف تعلیمی مشکلات کو حل کرنے میں ایم ڈبلیو ایم قم کے دفتر کی کئی کاوشوں اور کوششوں کا ذکر بھی کیا۔
اس دوران مہمان حضرات نے تنظیمی ڈھانچے، دفتری اوقات اور ایم ڈبلیو ایم قم کے آئندہ کے مختلف تنظیمی منصوبوں کے حوالے سے بھی سوالات کئے۔
سوال و جواب کے دوران دفتر کے مسئول آقای رضوانی نے ایم ڈبلیو قم کے زیراہتمام منعقد ہونے والی مختلف تعلیمی نشستوں، تحقیقی کلاسز، دینی مناسبتوں اور تنظیمی جلسوں کے بارے میں بھی دفتر کی خدمات اور فعالیت سے حاضرین کو آگاہ کیا۔