نگر الیکشن، عوامی فیصلے کو تسلیم نہ کیا گیا تو پورے خطے میں احتجاج کی کال دینگے، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا ہے کہ نگر الیکشن میں عوامی فیصلے کو تسلیم نہ کیا گیا تو پورے خطے میں احتجاج کی کال دینگے۔ ایک بیان میں علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک نے ضمنی الیکشن میں میدان مار لیا ہے، واضح جیت اور غیر سرکاری نتائج بھی میڈیا پر آچکے ہیں، بعض وفاقی وزراء اپنی اس ناکامی کو چھپانے کیلئے ریٹرننگ آفیسر پر دبائو ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔ عوام نے فیصلہ کر دیا مگر کیوں ریٹرننگ آفیسر پر دبائو بڑھا کر عوامی رائے کو روندا جا رہا ہے۔ اس طرح کے اقدام سے عوام کے جذبات اور ان کے حق کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر عوام کے اس آئینی و بنیادی حق اور فیصلے کو تسلیم نہ کیا گیا تو پورے خطے میں احتجاج کی کال دینگے۔