
فلسطین پر صہیونی قبضے کے 77 سال، غرب اردن میں "یوم النکبہ” منایا گیا
شیعہ نیوز: غرب اردن میں "فلسطین فلسطینیوں کا ہے” کے عنوان سے یوم النکبہ منایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، فلسطین اور دنیا بھر میں مقیم فلسطینیوں نے 77 سالہ صہیونی قبضے کے خلاف "یوم النکبہ” منایا جس کا نعرہ تھا: "ہم نہیں جائیں گے… فلسطین فلسطینیوں کا ہے!”
77 سالہ صہیونی قبضے کی مناسبت سے فلسطینی شہروں میں سائرن بجائے گئے جو 77 سیکنڈ تک گونجتے رہے۔ ہر سیکنڈ 1948ء سے گزرے ایک برس کی نمائندگی کرتا ہے۔ سائرن کے دوران شہریوں نے خاموشی اختیار کر کے شہداء اور مہاجرت کی یاد کو تازہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہم خطے میں امریکی نقل و حرکت کو غیر موثر بنانے میں کامیاب ہو گئے، ایڈمرل شہرام ایرانی
اس موقع پر ایک مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم لہرائے، سیاہ بینرز اٹھائے اور ہاتھوں میں چابیاں تھام رکھی تھیں، جو اس تاریخی مطالبے کا اظہار ہیں کہ مہاجرین کو ان کے آبائی علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔
یہ دوسرا سال ہے کہ نکبہ کی برسی ایسے وقت میں آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام ایک انتہائی سنگین انسانی المیے سے دوچار ہیں۔ اسرائیل کے فوجی حملے کو 583 دن ہوچکے ہیں، جس نے 1948ء کے سانحات کی یاد تازہ کر دی ہے، جب لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں سے زبردستی بے دخل کیے گئے تھے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ اسرائیلی فوج کی یومیہ چھاپہ مار کارروائیاں، گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے، خاص طور پر طولکرم اور جنین کے پناہ گزین کیمپوں میں صہیونی مظالم عروج پر ہیں۔ اسرائیلی فوج کے حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید یا زخمی جب کہ 40 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔