نصراللہ کی دھمکیاں سمندری سرحد کے تعین کا باعث بنی ہیں: صیہونی وزیر داخلہ
شیعہ نیوز: صیہونی ناجائز ریاست کے وزیر داخلہ ایلیت شاکید نے ایک صیہونی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اقرار کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی دھمکیاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان سمندری حدود کے تعین کے معاہدے میں موثر ثابت ہوئی ہیں۔
جب کہ صیہونی توانائی وزیر کارین الہرار نے شاکید کے برخلاف کہا کہ حزب اللہ کی دھمکیوں کا اس معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
کارین الہرار نے مزید کہا کہ حزب اللہ روزانہ بحیرہ روم میں صیہونی حکومت کے قدرتی گیس کی تنصیبات پر حملہ کی دھمکیاں دیتا ہے لیکن ان دھمکیوں کا لبنان سے ہونے والے معاہدہ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
بدھ کے دن صیہونی کابینہ نے اتفاق رائے سے لبنان کے ساتھ سمندری حدود کے معاہدے پر اپنی رضایت کا اظہار کیا تھا اور لبنان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ معاہدے کے حتمی مسودے سے مطمئن ہے اور یہ مسودہ لبنان کے تمام مطالبات کو پورا کرتا ہے اور جلد ہی ایک تاریخی نوعیت کا معاہدہ ہوسکتا ہے۔