اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پر حملہ کرنے کی تیاری کا حکم دیدیا
غزہ کی پٹی پر وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی تیاری کی ہدایت کی ہے
شیعہ نیوز : اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی پر وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد نیتن یاھو نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے فوج کو غزہ پر فوجی کارروائی کی تیاری کے احکامات کا مقصد غزہ کے محاذ پر اسرائیل کو محفوظ کرنا اور خطرات کو ٹالنا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی کابینہ کا اجلاس غزہ کے قریب ’’اشکول‘‘ صیہونی کالونی کے ہیڈ کوارٹرمیں ہوا جس میں اسرائیلی فوج کے سدرن کمانڈ کے سربراہ سمیت دیگر فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔
نیتن یاھو نے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب واقع 20 صیہونی کالونیوں کے سربراہوں کو دعوت دی تھی تاہم ان سب نے دعوت قبول نہیں کی۔ صیہونی کالونیوں کے لیڈروں کا کہنا ہے کہ نیتن یاھو غزہ کی پٹی کے فلسطینی مزاحمت کاروں کےصیہونی آبادکاروں کے لیے خطرات کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں۔