
رفح سے متعلق نیتن یاہو کے دعوے شکست چھپانے کی ناکام کوشش ہے، مرداوی
شیعہ نیوز: حماس کے سینئر رہنما نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے رفح سے متعلق بیانات کو شکست چھپانے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے رہنما محمود مرداوی نے نیتن یاہو کی جانب سے فیصلہ کن فتح اور رفح کی علیحدگی کے دعووں کو ایک ناکام اور بے بس شخص کی چیخ وپکار قرار دیا۔
مرداوی نے کہا کہ فلسطینی قوم کی ثابت قدمی اور مزاحمت نے دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنا دیے ہیں۔ رفح صرف قابضین کے لیے ایک ڈراؤنا خواب نہیں بلکہ فلسطینی قوم کی عزت اور غیرت کی علامت بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن میں ناکامیوں پر سیخ پا امریکی وزیر دفاع کا ایران پر مداخلت کا الزام
حماس کے رہنما کہا کہ نیتن یاہو کا دعوی درحقیقت غزہ میں اسرائیلی کی سیاسی، عسکری اور نفسیاتی شکست کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے اور یہ صہیونی عوام کو ایک خیالی فتح کا دھوکہ دینے کی سعی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت کی وجہ سے صہیونی حکومت کے تمام منصوبے خاک میں مل گئے ہیں۔
حماس نے ایک بیان میں زور دیا ہے کہ مزاحمت کا راستہ فلسطین کی مکمل آزادی اور قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ بیت حانون، شجاعیہ، غزہ اور خان یونس کی طرح رفح بھی صہیونی فورسز کے لیے قبرستان بنے گا۔
حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جنگی جرائم اور غزہ کے ظالمانہ محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے میں اپنا کردار ادا مرے اور فلسطینی قوم کے حق خودارادیت کی حمایت کرے۔