امارات، امریکہ ، اسرائيل اور ہندوستان پر مشتمل نیا گروپ تشکیل
شیعہ نیوز: امارات، امریکہ ، اسرائيل اور ہندوستان پر مشتمل نیا گروپ تشکیل دیا جارہا ہے جس کا نام ” آئی ٹو یو ٹو” رکھا گيا ہے۔ بھارت میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد البنّا نے اس نئے گروپ کو” مغربی ایشیائی کوآڈ ” قراردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چاروں ملکوں کے اس نئے گروپ ” آئی ٹو یو ٹو” کی پہلی سربراہی کانفرنس جولائی میں امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی میں ہو گی۔
امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق صدر جو بائیڈن 13سے 16جولائی کے درمیان مشرق وسطیٰ کے اپنے دورے کے دوران ایک ورچوئل سربراہی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔
اس کانفرنس میں نو تشکیل شدہ گروپ آئی ٹو یو ٹو‘ کے دیگر رہنما بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان حصہ لیں گے۔
انہوں نے اس گروپ کے نام I2U2 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹو سے مراد دو مرتبہ آئی ہے، جس کا مطلب بھارت اور اسرائیل ہیں۔اسی طرح یو ٹو سے مراد دو مرتبہ یو ہے، جس کا مطلب امریکہ (یو ایس اے) اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہیں۔