ارض پاک کی خودمختاری اور آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا,علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قیام پاکستان کے لیے طویل،انتھک اور بےمثال جدوجہد کا مقصد ایک ایسے خطے کا قیام تھا جہاں اہل اسلام اپنی مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ایک ایسی خودمختار ریاست جس کے فیصلے ملکی مفادات، قومی وقار اور اسلامی تعلیمات کے تابع ہوں۔جس کے باسیوں کو عالم استعمار و استکبار کی غلامی کا کوئی طعنہ نہ دے سکے۔جہاں آئین و قانون کی حکمرانی اور سکون و شادمانی کا راج ہو۔ وطن عزیز کو تکفیری اور طاغوتی قوتوں کے شنکجے سے آزادی دلانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ارض پاک کی داخلی خودمختاری اور آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔پاک فوج کے نوجوانوں کے سروں کے ساتھ فٹ بال کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ان قومی مجرموں کو پاکستان کے قوانین کے تحت سخت ترین سزائیں دینا حب الوطنی کا تقاضا ہے۔محب وطن اور مدافع وطن کے قاتلوں کی معافی ملک و قوم سے خیانت ہے۔ہم سب نے مل کر اپنے وطن کی حفاظت کرنی ہے۔ہمارے لیے یہ رب کریم کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں اس حقیقت کو محض تاریخ کے اوراق میں زندہ نہیں رکھنا بلکہ اپنے کردار وعمل اور قومی نوعیت کے معاملات پر ٹھوس موقف سے یہ واضح کرنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار پر موروثی اجارہ داری کی بے جا خواہش ، سیاسی رسہ کشی اور اختیارات کے نشے کے خمار نے ہمارے پیارے وطن کو قائد اعظم کا پاکستان نہیں بننے دیا۔ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیزمیں قائد اعظم کے اصولوں سے انحراف کرنے والوں کی نہ ملکی سیاست میں گنجائش ہے اور نہ ہی ریاستی اداروں میں ان کے لیے کوئی مقام ہے۔تحریک پاکستان میں ہمارے اجداد نے قربانیاں دیں ہیں اور قائد و اقبال کے نظریات کے مطابق تکمیل پاکستان کے لیے ہم اور ہماری نسلوں نے پرخلوص جدوجہد کرنی ہے۔اس ملک کو سیاستدان نما تاجروں کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا