ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں: علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں، پاکستان داخلی اور خارجی، معاشی سمیت بہت سے ایشوز سے نبرد آزما ہے، داخلی سلامتی کیلئے قوم متحد ہو، پاکستان اس وقت جن داخلی اور خارجی محاذوں پر متعدد بحرانوں سے دوچار ہے۔
ان کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ خارجی طور پر ملک کی مکمل آزادی استقلال اور ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جانی چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی میں عوامی خواہشات کے مطابق بہتری لائی جائے، اس سے بھی بڑھ کر داخلی محاذ پر ملک سے بدامنی دہشت گردی، قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کے پرچارک گروہوں کی از سر نو سرگرمیوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال پر سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو داخلی اور خارجی بحرانوں سے نجات دلائی جائے۔